گوہاٹی، 16/جنوری (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بوڑولینڈ پیپلز پارٹی (بی پی ایف)کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ نے پیر کو آسام کے وزیر اعلی سربانند سونووال پر بڑا حملہ بولا ہے۔حکومت میں شریک اتحادی پارٹی بی پی ایف کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ بسوجیت دیماری نے وزیر اعلی سربانند سونووال کو کابینہ توسیع کے لیے 20جنوری تک کا وقت دیا ہے۔دیماری نے میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سونووال حکومت سے کابینہ میں بی پی ایف اور اگپ کے وزراء کی تعداد بڑھانے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا قومی ایجنڈا ہی زیادہ سرگرم ہے، جس کی وجہ سے دن اور تاریخ کے چکر میں کام پھنس جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام دن اور تاریخ کو دیکھ کر نہیں چلتا ہے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ آسام کے لیے ضروری نہیں ہے۔بی پی ایف لیڈر دیماری نے کہا کہ فی الحال ایک ایک وزیر کے پاس 7سے 8وزارت ہیں، جس کی وجہ سے کام کاج تیز رفتار ی سے نہیں ہو پا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے عہدیدار اپنے محکموں کے کاموں کو لے کر وزراء سے مل نہیں پا رہے ہیں، اس طرح سے حکومت کا کام کاج نہیں چلتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حکومت کی تشکیل کے بعد وزیراعلی کے علاوہ کابینہ میں 10وزراء شامل ہیں،حکومت میں اب بھی وزراء کے 9عہدے خالی ہیں۔مانا جا رہا ہے کہ بہت جلد سونووال کابینہ میں توسیع ہو گی، جس میں بی جے پی کے 6ممبران اسمبلی کے ساتھ ہی اگپ سے ایک اور بی پی ایف سے ایک رکن اسمبلی کو شامل کیا جائے گا۔دیماری اپنے اس بیان سے بی جے پی پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ آسام کی 126رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے61، اگپ کے 14، بی پی ایف کے 12،گن شکتی کے 1، کانگریس کے 25، اے آئی یوڈی ایف کے 13ممبران اسمبلی ہیں۔ایسے میں بی جے پی پر اپنے ممبران اسمبلی کا بھی دباؤ ہے۔وہیں بی پی ایف 12ممبران اسمبلی کے بل پر بی جے پی پر دباؤ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔مانا جا رہا ہے کہ کابینہ توسیع میں بی پی ایف کے اکاؤنٹ میں ایک سے زیادہ وزیر کو جگہ نہیں مل سکتی ہے۔